نئی دہلی، 28؍ مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) مرکزی حکومت کی عوام اور مزدور مخالف پالیسیوں کے خلاف مرکزی مزدور تنظیموں نےپیر اور منگل (28؍ اور 29؍ مارچ) کو ملک گیر ہڑتال کا نعرہ دیا ہے جس کی وجہ بینکنگ اور ٹرانسپورٹ سمیت کئی شعبوں کی خدمات متاثر ہوسکتی ہیں۔ ’سینٹرل امپلائیز یونائیٹڈ فرنٹ‘ کی کال پر اس ہڑتال میں بینک، ایل آئی سی، بی ایس این ایل، روڈ ویز، ٹرانسپورٹ اور بجلی سمیت کئی اداروں کے ملازمین شرکت کریں گے۔
یہ اطلاع دیتے ہوئے ممتاز بینک ورکر لیڈر کام وائی کے شرما یوگی، ریلوے اسٹاف لیڈر انل ویاس، آئی این ٹی یو سی لیڈر ہیمنت کیراڈو، اشوک پروہت نے صحافیوں کو بتایا کہ ’’پہلے دن بند کے دوران ضلع کلکٹریٹ کے سامنے ہڑتالی اہلکاروں کی ریلی کے طور پر کلکٹریٹ احاطے کا چکر لگایا جائےگا اور صدر جمہوریہ کیلئے میمورنڈم سونپے جائیں گے۔‘‘ دوسرے دن ورکرگراؤنڈ میں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف اس ہڑتال میں منظم اور غیر منظم شعبے کے اہلکار زیادہ سے زیادہ تعداد میں حصہ لے رہے ہیں۔ ٹریڈ یونینوں نے ٹریڈ یونین ایکٹ۱۹۲۶ء میں مجوزہ ترامیم کی بھی مخالفت کی ہے۔ اس ہڑتال میں انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس، آل انڈیا ٹریڈ یونین کانگریس اور کئی بڑی یونینیں شامل ہیں۔